گرفتار انڈین پائلٹ ائر مارشل کا بیٹا نکلا

مستند ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں گرفتار ہونے والا بھارتی پائلٹ سابق انڈین ائیر مارشل ایس ورتھا من کا بیٹا ہے ۔
نئی دہلی سے ذرائع نے نمائندہ پاکستان ٹوئنٹی فور کو بتایا ہے کہ پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے پائلٹ کو ان کے قریبی دوستوں نے شناخت کیا ہے ۔
پاکستانی میڈیا پر بھارتی پائلٹ ابھے نندن کی تصاویر اور وڈیو آنے کے بعد پائلٹ کی شناخت ان کے بھارتی فضائیہ کے دوستوں نے کی، ان کے مطابق گرفتار پائلٹ سابق بھارتی ائیر مارشل ایس ورتھامن کا بیٹا ہے ۔
پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق ونگ کمانڈر ابھے نندن مگ ۲۱ کے فائٹر پائلٹ ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے کہا تھا کہ اس کی فوج نے انڈیا کے دو طیارے مار گرانے کے بعد پائلٹ گرفتار کرلیے ہیں لیکن خطے میں امن چاہتے ہیں ۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ بدھ کی علی الصبح سے ہی لائن آف کنٹرول پر پاک فوج اور بھارتی فوج کی کشیدگی اور سرگرمی چل رہی تھی ، تاہم جب چھ مختلف مقامات سے انڈین جنگی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستان نے انہیں چھ جگہ پر لاک کیا ، پاکستانی پائلٹوں کی فوری کارروائی سے دو انڈین جنگی طیارے مار گرائے گئے واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق نشانہ بننے والا ایک انڈین طیارہ لائن آف کنٹرول کے اس پار انڈین سرحدی حدود میں گرا، جبکہ پاکستانی زمینی حدود میں گرنے والے انڈین طیارے کے دو پائلٹوں کو پاک فوج نے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار پائلٹس میں سے ایک پائلٹ کو شدید زخمی ہونے کے باعث کمباونڈ ملٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دوسرا پائلٹ زیر حراست ہے۔
ہاکستان میں میڈیا پر ذرائع سے جاری ہونے والی وڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتار بھارتی پائلٹ زخمی ہے، جو استفسار کرنے پر بتارہا ہے کہ اس کا ونگ کمانڈر نام ابھے نندن ہے جس کا سروس نمبر 27981 ہے ،
گرفتار پائلٹ سے جب مزید سوال کیے گئے تو اس نے جواب دیا کہ وہ بس اتنا ہی بتا سکتا کہ وہ اس وقت پاکستان فوج کی حراست میں ہے ۔
ادھر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فضائیہ نے ایک پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرایا ہے، جس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے تردید کرتے کہا ہے کہ آج کی کارروائی میں پاکستان نے ایف سولہ طیارہ استعمال ہی نہیں کیا ۔