زنجیروں میں جکڑی ماں، بیٹی بازیاب

صوبہ پنجاب کے علاقے لودھراں میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران زنجیروں میں جکڑی ہوئی ماں اور بیٹی کو بازیاب کروالیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے یہ کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مکان میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی کو زنجیروں میں جکڑ کر رکھا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں زنجیروں میں جکڑی ہوئی خاتون، جن کی شناخت بعد ازاں مقصود مائی کے نام سے ہوئی، کو پولیس سے مطالبہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ انہیں اور ان کی بیٹی کو غیر قانونی قید سے بازیاب کرایا جائے۔

مزید پڑھیں: زنجیروں میں جکڑی خاتون ساہیوال سے بازیاب

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں کئی روز سے خوراک اور پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ان کے ڈسٹرکٹ چیف ملک جمیل ظفر نے ویڈیو دیکھنے کے بعد پولیس ٹیم کو حکم دیا کہ وہ خاتون کی تلاش کریں اور انہیں بازیاب کرائیں۔

جس پر پولیس نے خاتون اور ان کی بیٹی کو تلاش کیا، جو ایک مکان میں زنجیروں سے بندھی ہوئیں تھیں اور انہیں بازیاب کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: جائیداد کی خاطر بیٹی کا اپنے شوہر کے ہمراہ سگی ماں پر ’تشدد‘

بعد ازاں مقصود مائی نے پولیس کو بتایا کہ شوہر اور بیٹے سے گھریلوں ناچاکی پر انہیں اور ان کی بیٹی کو زنجیروں سے جکڑ کر کمرے میں بند کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقصود مائی کے بیٹے صابر اور شوہر محمد بخش کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔