رشوت لینے پر بیجنگ کے سابق میئر کو 14 برس قید کی سزا


چین کی ایک عدالت نے بیجنگ کے سابق میئر اور ملکی سطح پر انٹرنیٹ کے شعبہ سے وابستہ ہائی پروفائل عہدیدار کو 46 لاکھ ڈالر رشوت وصول کرنے پر 14 برس قید کی سزا سنادی۔

خبررساں اداے ’اے پی‘ کے مطابق انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نے مجرم لیوی کی جانب سے رشوت وصول کرنے کے اعتراف پر انہیں سزا سنائی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی ساختہ ’انسدادِ کرپشن‘ مہم پاکستان کے لیے کیوں ضروری؟

واضح رہے کہ لیوی کو چین کی کمیونسٹ پارٹی میں غیرمعمولی اہمیت حاصل رہی اور انہی کی وجہ سے حکومت نے عام صارفین کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروس پر کنٹرول کو سخت رکھا اور انہوں نے انٹرنیٹ پر سینسر اور فلٹر کے حق کی حمایت کی تھی۔

لیوی ان اعلیٰ عہدیداروں میں شامل رہے جنہوں نے اپیل کے سی او ٹم کوک اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے ہمراہ متعدد میٹنگ کی۔

لیوی نے اپنے خلاف فیصلے کو چینلج نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’چین میں تقریباً 70 کروڑ انٹرنیٹ صارفین ہیں لیکن انہیں حکومت کی جانب سے سیاسی نوعیت کے مواد پر سخت کنٹرول رائج ہے۔

مزیدپڑھیں: چینی توانائی ایجنسی کے سربراہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا

چین میں فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس سمیت گوگل پابندی کے باعث غیر فعال ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ’لیوی نے بطور نائب وزیر پروپیگنڈہ اور سربراہ انٹرنیٹ سیکیورٹی ایڈوائزر باڈی اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور ’نوازنے‘ کے بدلے میں تحائف وصول کیے‘۔

واضح رہے کہ لیوی 2011 سے 2013 میں بیجنگ کے میئر بھی رہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے کرپشن کے خلاف شروع کی جانے والی مہم میں کئی بڑے افسران کے علاوہ اپنی ہی پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت سینیئر وزرا کو بھی پھانسی دی جاچکی ہے۔

اس سے قبل 29 نومبر کو سینٹرل ملٹری کمیشن کے رکن زینگ یانگ نے اپنے خلاف ہونے والے کرپشن کی تفتیش کے پیش نظرخودکشی کرلی تھی۔

مزیدپڑھیں: شی جن پنگ کا نام اور نظریہ کمیونسٹ پارٹی کے آئین میں شامل

چینی صدر شی جن پنگ نے گزشتہ برس کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس سے خطاب میں وعدہ کیا تھا کہ وہ کرپشن کے خلاف کارروائی کریں گے جبکہ 2012 سے اب تک فوج کے سینیئر افسران سمیت اپنی ہی پارٹی کے 15 لاکھ کارکنوں کو کرپشن سزائیں دی جاچکی ہیں۔

شی جن پنگ نے 2021 میں پارٹی کی صد سالہ سالگرہ تک چینی معاشرے کو ایک ترقی یافتہ معاشرہ بنانے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے۔