بونی کپور کا سری دیوی کے مداحوں کے لیے تحفہ


بولی وڈ آنجھانی اداکارہ سری دیوی کے انتقال کی خبروں نے گزشتہ سال صرف مداحوں کو ہی نہیں بلکہ پوری بولی وڈ انڈسٹری کو حیران کردیا تھا۔

سری دیوی کی سوانح حیات پر مبنی فلم بننے کی خبریں بھی طویل عرصے سے سامنے آرہی ہیں، اور اب ان کے شوہر پروڈیوسر بونی کپور سری دیوی کی زندگی پر فلم تیار کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بونی کپور اپنی اہلیہ سری دیوی کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم کے کاپی رائٹس حاصل کرچکے ہیں تاکہ کوئی اور یہ فلم نہ بنا پائے
ذرائع کے مطابق بونی کپور نے ایسا اس لیے کیا تاکہ صرف وہی اپنی اہلیہ کی زندگی پر فلم تیار کرسکیں بالکل اس طرح جس طرح وہ تیار کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ بونی کپور اس فلم کا جلد اعلان کریں گے کیوں کہ وہ دیگر فلم سازوں سے قبل اس فلم کو سامنے لانا چاہتے ہیں
سری دیوی کی زندگی پر کئی مصنف کتابیں لکھنے میں بھی مصروف ہیں، جبکہ بہت سے صحافیوں اور لکھاریوں نے اس حوالے سے بونی کپور سے رابطہ بھی کیا۔

بونی کپور جلد ان میں سے کسی لکھاری کا اپنی اہلیہ کی زندگی پر فلم تحریر کرنے کے لیے انتخاب کریں گے۔

خیال رہے کہ سری دیوی کا انتقال گزشتہ سال دبئی میں دل کا دورہ پڑنے اور نہاتے وقت ٹب میں ڈوبنے سے ہوا تھا۔

سری دیوی اس موقع پر دبئی میں اپنے شوہر کے بھانجے کی شادی میں شرکت کے لیے موجود تھیں۔


ماضی کی کامیاب اداکارہ کو ہندی سینما کی پہلی سپر اسٹار اداکارہ کہا جاتا ہے، وہ تامل، تیلگو، کنیڈا، ملیالم اور سینما سینما میں کام کرچکی ہیں۔

سال 2000 کے بعد ان کا کیریئر آگے بڑھنے سے رکا ضرور تاہم 2012 میں انہوں نے کامیاب فلم ’انگلش ونگلش‘ کے ساتھ کم بیک کیا۔

اس کے بعد 2017 میں ان کی فلم ’موم‘ بھی سامنے آئی جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔