6 ہفتوں میں دہشت گردی کے 6 واقعات، وزیراعلیٰ کا شدید تشویش کا اظہار


کراچی: ایم کیو ایم کے سابق رکنِ قومی اسمبلی سید علی رضا عابدی کی ہلاکت کے بعد وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ، مشیر وزیراعلیٰ مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری صوبائی انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ چند روز قبل ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد جاری ہے

اجلاس میں جو اہم فیصلے کیے گئے تھے اس میں موٹرسائیکل پر واضح طور پر نمبر پلیٹ آویزاں کرنا، ٹریکر کی تنصیب اور سیف سٹی پروجیکٹ پر تینزی عملدرآمد کیا جانا شامل تھے۔

وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ کراچی پولیس نے گزشتہ روز 3 بڑے گینگ گرفتار کیے جبکہ شہر میں پولیس کے گشت کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

سابق رکنِ قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی تفتیش کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کا آئی فون ڈی کوڈ کروایا جارہا ہے تا کہ اس میں موجود شواہد کی مدد بھی لی جاسکے۔