کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے کمسن بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی

کراچی میں یوسف پلازہ شاہراہ پاکستان پر خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار کمسن بہن بھائیوں کو کچل ڈالا جبکہ باپ شدید زخمی ہو گیا. ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب۔شہر کی سڑکوں پر خونی رقص ڈمپر نے دو معصوموں کی جان لے لی۔ اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے عزیزوں کو کینٹ اسٹیشن چھوڑنے کے لیے جانے والےعلی رضا اور عائشہ ہمیشہ کے لیے اپنے والدین کو چھوڑ گئے۔ یوسف پلازہ کے علاقے شاہراہ پاکستان پر خونی ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ بچوں کے عزیز کا کہنا ہے ہم اپنے مہمانوں کو چھوڑنے کے لئے نکلے تھے کہ یہ حادثہ رونما ہوگیا۔علاقہ مکنیوں کے مطابق متوفی بچوں کا والد پلمبری کے کام سے وابستہ ہے اس حادثے میں جہاں اس کے بچے اپنی جان سے گئے وہاں وہ بھی بازو ٹوٹنے سے معذور ہوگیا انہوں نے ٹریفک پولیس کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔