خواتین کو روزگار ملے گا اور بچوں کو تعلیم،پاکستانی نوجوان کا عزم

لاہور:پاکستانی نوجوان وقاص نے اپنی شادی میں ملنے والی نقد رقم سے بے سہارا بچوں اور خواتین کے لیے پناہ گاہ قائم کر دی۔وقاص کا کہنا تھا کہ خواتین کو روزگار اور بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی قوم میں خدمت خلق کاجذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جو خیرات کرنے میں سب سے آگے آگے ہیں تاہم کچھ لوگ ایسے بھی موجود ہیں جو اپنی نیک سوچ اور فلاحی خدمات کے سبب بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ جاتے ہیں ۔
ان میں سے ہی ایک لاہور کے نوجوان وقاص ہیں۔بچپن ہی سے انکا خواب تھا کہ وہ سڑک پر موجود بے سہارا خواتین اور بچوں کو ایک محفوظ پباہ گاہ فراہم کرسکیں وہ ایک لمبے عرصے سے اپنے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم وہ مالی مسائل کے باعث ایسا نہ کر سکے تاہم شادی میں ملنے والی نقد رقوم نے ان کو یہ قوت بخشی کہ وہ اپنے اس خواب کو پورا کر سکیں ۔

شادی میں ملنے والی وہ رقم جس کے لیے نوبیاہتا جوڑوں سے مختلف مصرف سوچ رکھے ہوتے ہیں ،وقاص نے اس ساری رقم کو خواتین اور بے سہارا بچوں کی پناہ گاہ پر خرچ کر ڈالا اور آخر کار انکا یہ خواب بھی حقیقت کا روپ دھار گیا۔
وقاص کا کہنا تھا کہ اس پناہ گاہ میں رہنے والے بے سہارا بچوں اور خواتین کو صرف چھت ہی نہیں ملے گی بلکہ خواتین کو روزگار اور بچوں کو تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔
وقاص نے یہ بھی کہا آنے والے دنوں میں اسے مالی معاملات کے لیے عوام کی مدد بھی چاہیے ہو گی۔