بھارت میں قید 2 پاکستانی شہریوں کو رہا کردیا گیا

بھارت میں قید 2 پاکستانی شہریوں عبداللہ شاہ اور محمد عمران وارثی کو رہا کرکے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق عبداللہ شاہ اور محمد عمران وارثی کو رہا کرکے واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان بھیج دیا گیا۔

رینجرز ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے دونوں پاکستانی شہریوں کو رینجرز کے حوالے کر دیا۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے علاقے مینگورہ سے تعلق رکھنے والے عبداللہ شاہ کو بھارتی حکام نے 2017 میں گرفتار کیا تھا۔

عبداللہ شاہ کو واہگہ بارڈر سے 3 کلومیٹر دور بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع امرتسر کے گاؤں اٹاری سے حراست میں لیا گیا تھا۔

بھارتی جاسوس نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کردیا، ترجمان دفتر خارجہ
کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد عمران وارثی کو 2004 میں بھارت کے دورے میں ‘جعل سازی اور جاسوسی’ کے الزامات میں گرفتار کرکے بھوپال جیل میں قید کردیا گیا۔


عمران وارثی 2004 میں بھارتی شہر کولکتہ میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے گئے تھے جہاں بھارتی پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

قبل ازیں پاکستان نے 15 دسمبر کو بھارتی شہری حامد نہال انصاری کو رہا کر دیا تھا۔

بھارتی شہری حامد نہال انصاری کو نومبر 2012 میں کوہاٹ سے پولیس اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے حکام نے افغانستان نے سرحد پار کرنے کے جرم میں حراست میں لیا تھا اور اس کے بعد فوجی عدالت کی جانب سے ان کا کورٹ مارشل کیا گیا تھا۔

انہیں جاسوسی اور دستاویزات میں جعل سازی کے جرم پر دسمبر 2015 میں 3 سال کی سزا سنا دی گئی تھی۔

بھارتی جاسوس کو پشاور کی سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا، بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ حامد نہال انصاری کی سزا مکمل ہونے کے ایک ماہ کے دوران ان کی واپسی یقینی بنائیں۔

بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو آج واپس بھیجا جائے گا، دفتر خارجہ
اس سے قبل رپورٹس آئی تھیں کہ نہال انصاری نے ٹرائل کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ جاسوسی کے لیے غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے, ان کے مختلف فیس بک اور ای میل اکاؤنٹس ہیں، اس کے علاوہ ان کے قبضے سے حساس دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی تھیں۔

دوسری جانب نہال انصاری کے اہل خانہ کا دعویٰ تھا کہ وہ آن لائن دوست بننے والی لڑکی سے ملنے کے لیے افغانستان کے ذریعے پاکستان گئے تھے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹر میں حامد نہال انصاری کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوکر ریاست مخالف جرائم میں ملوث ہونے اور دستاویزات میں جعل سازی کرنے والے بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کیا جا رہاہے اور بھارت بھیجا جا رہا ہے’۔