پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی

پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5وکٹوں سے شکست دیدی ۔
جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 267 رنز کا ہدف پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ۔
بیٹنگ میں پاکستان کی جانب سے امام الحق نے عمد ہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 86رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ 71اور بابر اعظم 49رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے ۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا تھا تاہم 45 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے،اُن کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے اور انہوں نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا اور بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بولنگ میں جنوبی افریقا کی جانب سے اولیوئیر نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پھیلوکوایو، عمران طاہر اور ہینڈرکس نے 1،1وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور ہینڈرکس نے کیا تھا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ہینڈرکس 45 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ڈوسن 93 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تھے ۔
دوسری جانب ہاشم آملہ نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کیرئیر میں اپنی 27 ویں سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔