میکسیکو: آئل پائپ لائن میں آتشزدگی سے 20 افراد ہلاک

میکسیکو کے وسطی علاقے میں ایک سرکاری آئل ریفائنری کی تیل کی پائپ لائن میں آتش زدگی سے 20 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ جمعے کو اس وقت پیش آیا جب مقامی لوگ غیر قانونی طور پر پائپ لائن سے بہنے والے تیل کو برتنوں میں بھر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست ہیڈالگو کے ایک چھوٹے سے قصبے کے مقامی افراد نے تیل کی پائپ لائن میں سوراخ کیا تھا جہاں سے وہ تیل چرا رہے تھے۔ اسی دوران اچانک پائپ لائن میں دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے درجنوں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کے فوری بعد کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے حادثہ پر آگ میں لپٹے لوگ اپنی جان بچا کر بھاگ رہے ہیں اور چیخ چیخ کر مدد کے لیے پکار رہے ہیں جب کہ آتشزدگی کے باعث آگ کے شعلے آسمان کو چھو رہے ہیں۔

میکسیکو کے وزیر برائے سکیورٹی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امدادی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

ہیڈالگو کے گورنر عمر فیاض نے کہا ہے کہ آتش زدگی کے باعث 20 افراد موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 60 افراد زخمی ہیں۔

زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

میکسیکو کی کسی آئل پائپ لائن میں آتش زدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اور اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

2013ء میں میکسیکو سٹی آئل ریفائنری میں دھماکے میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 2010ء میں 13 بچوں سمیت 28 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔