سرگودھا کے واحد مذبحہ خانہ میں گندگی جراثیم زدہ گوشت آوارہ کتوں کے ڈیرے

قصاب گندگی کے ڈھیروں اور غلاظت کے قریب جانور ذبح کر تے ہیں،صفائی کیلئے پانی دستیاب نہیں،گندا پانی جگہ جگہ موجود
سرگودھا(سروے رپورٹ) ڈویژنل ہیڈکوارٹر سرگودھا کا واحد مذبحہ خانہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث گندگی و غلاظت وبیماریاں پھیلانے اور آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے ، سلاٹر ہاؤس میں نکاسی آب اور نہ ہی صفائی کا کوئی نظام فعال ہے ،قصاب انہی گندگی کے ڈھیروں اور غلاظت کے قریب جانور ذبح کر تے ہیں جنہیں صاف کرنے کیلئے مناسب مقدار میں پانی کی دستیابی کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ، مہلک جراثیم زدہ یہ گوشت اسی طرح فروخت کیلئے د کانوں پر سپلائی کر دیا جاتا ہے ،معلوم ہوا ہے کہ یہاں سے گوشت سرگودھا کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی لے جایا جاتا ہے جبکہ سلاٹر ہاؤس کی حالت زار انتہائی دگرگوں ہے ،خستہ حال چار دیواری کئی مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے یہ آوارہ کتوں کا بھی مسکن ہے ،نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی احاطے میں جمع ہو کر جوہڑ کی صورت اختیار کر گیا ہے ،یہاں سے اٹھنے والے تعفن کے باعث ارگرد کے گھرانوں کو بھی شدید مشکلات در پیش ہیں،لائیو سٹاک حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث سلاٹر ہاؤس کی حالت زار بہتر نہیں بنائی جا سکی، اس حوالے سے متعدد مرتبہ حکام بالا کو لکھا جا چکا ہے مگر مثبت پیش رفت نہ ہونے بہت سے امور التوا کا شکار ہیں، جبکہ شہریوں نے ڈویژنل و ضلعی حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔