فرنس آئل کی درآمد پر فوری پابندی کا فیصلہ , گیس کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے : عمران خان

فرنس آئل کی پیداوار کی موجودہ سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے ،وزیر اعظم ، گیس چوری روکنے کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت وزیر اعظم نے گیس بحران پر رپورٹ مسترد کر دی ، اسلام آباد میں شیلٹر ہاؤس کا افتتاح ، پاک بحریہ کے سربراہ کی بھی ملاقات
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں فرنس آئل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جبکہ وزیراعظم عمران خان نے تیل اور بجلی کی بروقت فراہمی کی ہدایت کردی ۔وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کووزیر اعظم آفس میں توانائی کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو بجلی کے شعبہ میں طلب اور رسد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو توانائی سیکٹر میں گیس کی دستیابی، درآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ،اسی طرح سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے سردیوں میں گیس مینجمنٹ پلان پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ درجہ حرارت گرتے ہی اچانک گیس کی ڈیمانڈ بڑھ گئی، تاہم گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فرنس آئل کی درآمد پر فوری طور پر پابندی لگائی جائے ،مقامی ریفائنریز کی طرف سے فرنس آئل ذخیرہ کرنے اور گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے ریفائنریز کی مشاورت سے پلان تیار کیا جائے ۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ فرنس آئل کی پیداوار کی موجودہ سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے ۔انہوں نے ضرورت سے زیادہ فرنس آئل کو برآمد کرنے کی ترجیحات طے کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم عمران خان نے آر ایل این جی ٹرمینلز کے حوالے سے واضح پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پاور ڈویژن کو ٹرانسمیشن، نقصانات اور ریکوری سے متعلق ماہانہ رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے وزارت پٹرولیم کو گیس چوری روکنے کیلئے پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیا انرجی پلان جنوری میں تیار کرلیا جائے ، وزیراعظم نے کہاکہ انرجی سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے بڑھانے پر زوردیا جائے تا کہ توانائی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش نہ آئے ۔وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ گیس بحران پر قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی ۔وزیر اعظم نے سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن کو بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرکے 28 دسمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔وزیرا عظم نے وزارت پٹرولیم کو پی ایس او، سوئی سدرن، سوئی ناردرن کے بورڈز کی تشکیل نوکا عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔ پٹرولیم ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل خان کی سربراہی میں قائم کردہ 4 رکنی فیکٹ فائنڈ نگ کمیٹی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی دوبارہ انکوائری کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔وزیر اعظم نے سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن میاں اسد حیا الدین کو دوبارہ انکوائری اور بحران کے اصل ذمہ داران کا تعین کرکے 28 دسمبر تک رپورٹ پیش کرنے کا ٹاسک دیا ۔ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں گیس بحران کے ذمہ دار وں کا تعین نہیں کیاگیا جبکہ وزیر اعظم گیس بحران کے ذمہ داروں کا تعین چاہتے ہیں ،اس لئے سیکرٹری پٹرولیم کو معاملہ دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پٹرولیم ذرائع نے مزید بتایاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے بورڈز کی تشکیل نو کا عمل شروع کر دیاہے ، تینوں کمپنیوں کے بورڈز کی تشکیل نو کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی ، ذرائع نے بتایاکہ پٹرولیم ڈویژن بورڈز کی تشکیل نو کیلئے سمریاں منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے آئندہ ہفتے میں ہونے والے اجلاس میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن بورڈز کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے افتتاح کے بعد شیلٹر ہوم میں سہولیات کا جائزہ بھی لیا اور پناہ گاہ کیلئے ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر وزیراعظم عمران خان سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بحریہ سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال ہوا۔