افغانستان میں فضائی حملے میں طالبان کمانڈر ہلاک

کابل: افغانستان میں فضائی حملے میں طالبان کمانڈر ہلاک ہوگیا جب کہ افغان فوج نے ایک کارروائی میں 11 مغوی شہریوں کو بازیاب کرالیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات ميں سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 شہری ہلاک ہو گئے۔ تینوں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
دوسری جانب صوبے ہلمند میں افغان فوجی دستوں نے جنگجوؤں کے ٹھکانے پر حملہ کر کے 11 مغوی شہریوں کو بازیاب کرالیا، طالبان نے ان افراد کو افغان فوج کی معاونت کرنے کے الزام میں 3 ماہ قبل اغوا کیا تھا۔
دريں اثناء افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار ميں افغان فوج نے 3 خطرناک داعش جنگجوؤں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
صوبے جوزجان میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں طالبان کا کمانڈر ولی محمد مارا گیا۔ فضائی کارروائی خفیہ اداروں کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔ فضائی حملے میں متعدد جنگجو زخمی بھی ہوئے جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حملوں میں اضافے کے بعد حکومتی سیکیورٹی فورسز اور اتحادی افواج نے بھی اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔