یاسین ملک کی کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر تنقید

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئر مین یاسین ملک نے بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں مظالم پر بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے یاسین ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں آج پوری پاکستان قوم اپنا کاروبار معطل کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے، میں پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آج کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج کے دن میں بین الاقوامی برادری سے کہوں گا کہ آپ ہی نے کہا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا صرف فوجی حل ہے؟ لیکن آج یہی بین الاقوامی برادری افغانستان میں امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے کیونکہ انہیں سمجھ آگیا ہے کہ کسی قوم کو فوجی طاقت سے زیر نہیں کیا جاسکتا بلکہ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہوسکتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے

یاسین ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھی آپریشن چل رہا ہے، یہاں بھی بچوں سے لے کر بزرگوں اور عورتوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا، یہاں پیلیٹ گنز کا استعمال کیا جارہا لیکن بین الاقومی برادی نے کشمیر کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیری عوام بھی انسان ہیں، لہٰذا اگر بین الاقوامی برادری دنیا میں امن قائم کرنا چاہتی ہے تو جس طرح وہ افغانستان میں امن کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس ہی طرح کشمیر کے مسئلے کا بھی حل تلاش کرنا چاہیے تاکے جنوبی ایشیا میں حقیقی امن سامنے آئے‘۔

پاکستان کی حمایت ہمارے حوصلے بلند کرتی ہے، مشعال ملک
ادھر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی چیئرمین یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستانی عوام کا مظلوم کشمیریوں سے ’غیر مشروط اور بے پناہ حمایت‘ کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوں گے اور ہمیں کشمیر پر قبضے اور بھارتی مظالم کے خلاف خلاف لڑنے میں ہمت ملے گی‘۔

پاور نیوز کے ساتھ جاوید اقبال