وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران نے ضلع نارووال کے علاقے کرتارپور میں قائم گردوارا دربار صاحب کو بھارت کے شہر گورداس پور میں قائم ڈیرہ بابا نانک سے منسلک کرنے والی راہداری کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔

سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چیف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، سرکاری عہدیدار، بھارتی وزرا، مختلف ممالک کے سفارتکار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بھی شرکت کی۔


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے جانے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے اسے تاریخی لمحہ قرار دیا جس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔
افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی حکام نے تین بھارتی سیاستدانوں بشمول کانگریس رہنما اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ اور دیگر 17 صحافیوں کو شرکت کی دعوت دی تھی۔

بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے افتتاحی تقریب میں شرکت سے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ انکار کردیا۔

بھارتی وفد واہگہ کے راستے پاکستان پہنچا تھا
اس سلسلے میں بھارتی وزیر خوراک ہرسمرات کور بادل، وزیر ہاؤسنگ، ہردیپ سنگھ پوری مشتمل وفد آج واہگہ کے راستے لاہور پہنچا۔

وفد کا استقبال پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمشنر، پاکستانی حکام اور پاکستان رینجرز (پنجاب) نے کیا۔

دوسری جانب گزشتہ روز بھی بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پر مشتمل وفد پاکستان پہنچا تھا جس کے ہمراہ معروف صحافی برکھا دت سمیت دیگر اراکین میں شامل تھے۔

قبل ازیں بھارت کے شہر گورداس پور میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں بھارت کے نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتری ہر سال بابا گرونانک کے جنم کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔

رواں برس گرونانک کے 5 سو 49 ویں جنم دن کے موقع پر نئی دہلی میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے ساڑھے 3 ہزار سے زائد یاتریوں کو ویزا جاری کیا تھا۔۔