بھارتی انتخابات سے قبل پاکستان میں دہشت گردی کا خطرہ ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی انتخابات سے پہلے پاکستان میں دہشت گردی کا خطرہ ہے، ہمیں مکمل طور پر چوکنا رہنا ہوگا۔ ڈو مور کہنے والا امریکا ہماری تعریف کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مکمل طور پر چوکنے ہیں، بھارت میں الیکشن تک بھارت سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی مہنگائی اس کے شارٹ فال اور ایل این جی کی وجہ سے ہے، ہم 14 سو مکعب فٹ گیس خریدتے ہیں اور 650 روپے میں بیچتے ہیں۔ توانائی بحران کی وجہ ترسیلی لائنوں کی خرابی ہے۔ کراچی میں زیر سمندر گیس اور تیل کے ایشیا میں سب سے بڑے ذخائر دریافت ہوئے۔

نواز شریف کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف کو باہر بھیجنے کے لیے قانون تبدیل کریں، نواز شریف کو علاج سے متعلق تمام سہولتیں دے رہے ہیں۔ نواز شریف نے ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنالیں لیکن ایک اسپتال نہ بنا سکے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خوف نہیں، عثمان بزدار کا موازنہ شہباز شریف سے نہیں کیا جا سکتا۔ کیا اپوزیشن اپنی چوری چھپانے کے لیے احتجاج کرے گی، اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرلے ڈی چوک پر کنٹینر فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ادوار میں نیب کی وجہ سے کرپشن بڑھی، نیب چھوٹے لوگوں کو تنگ کرنے کے بجائے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالے۔