پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے بھارتیوں کے دل جیت لئے

غیرملکی خصوصاً مغربی ممالک کے سیاح تو پاکستانی قوم کی امن پسندی اور مہمان نوازی کے معترف ہیں ہی لیکن پڑوسی ملک بھارت کے شہری پاکستانیوں کے اس جذبہ خیر سگالی کی تعریف کریں تو یہ احساس ہی الگ ہوتا ہے۔

ایسے ہی ایک پاکستانی آن لائن ٹیکسی ڈرائیورکے بھارتی شہری کے ساتھ خیر سگالی کے جذبے نے سوشل میڈیا پر بھارتیوں کے دل جیت لئے۔

بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی شہری پربھ دیپ سنگھ اپنے ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لئے لاہور گئے جہاں اُن کی بے انتہا آؤ بھگت کی گئی، لیکن احمد نامی ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا دوستانہ رویہ اُن کے دل میں خاص مقام بناگیا۔

احمد نے نہ صرف گرمجوشی کا مظاہرہ کیا بلکہ لاہور سے واہگہ بارڈر تک کی رائیڈکے پیسے یہ کہہ کر نہیں لئے کہ’ آپ بھارتی ہیں اور ہمارے ملک میں مہمان ہیں‘‘

پربھ دیپ سنگھ نے مزید بتایا کہ صرف یہی نہیں بلکہ میرے واہگہ بارڈر کراس کرنے تک وہ وہاں کھڑا انتظار بھی کرتا رہا۔بھارت کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پربھ دیپ سنگھ نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے میں پیغام کہا ہے کہ اُس نے پانچ براعظموں میں آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کی ہے لیکن پاکستان جیسا اچھا تجربہ مجھے اس سے پہلے کہیں نہیں ہوا۔

پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کے جذبہ خیر سگالی کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے، ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب ختم نہیں ہوا، سرحد کے دونوں اطراف کی نئی نسل دوستی اور محبت چاہتی ہے۔

ایک اور صارف نے نہ صرف احمد کے جذبہ خیرسگالی کو سراہا بلکہ پربھ دیپ سنگھ کے اس طرز عمل کی بھی تعریف کہ انہوں نے احمد کے اس دوستی کے جذلے کو سمجھا۔