ببو برال کی آج 8 ویں برسی منائی جا رہی ہے

لاہور: پاکستانی اسٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹی وی کے ذریعے اپنے فن موسیقی سے لاکھوں چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے نامور اداکار ببو برال کو ہم سے بچھڑے 8 برس بیت گئے ہیں۔

1964ء میں گوجرانوالہ کے قصبے گھکھڑ منڈی میں پیدا ہونے والے ببو برال کا اصل نام ایوب اختر تھا اور انہوں نے 18برس کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز اپنے آبائی شہر سے کیا اور بعد ازاں آگے بڑھنے کی لگن انہیں لاہور کھینچ لائی۔

تین عشروں پر محیط اپنے فنی کیریئر میں ببو برال نے نہ صرف اپنی شاندار اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں گھر کیا بلکہ ڈرامے لکھ کر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

یوں تو ان کے بے شمار ڈراموں نے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں لیکن اسٹیج ڈرامہ شرطیہ مٹھے میں ان کی شاندار پرفارمنس نے اصل شہرت دلائی۔

خیال رہے کہ 16 اپریل 2011ء کو فن مزاح کا یہ چمکتا دمکتا ستارہ طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملا۔