کویت کے ساتھ تعلقات

کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے پاکستانی برادری کو ویزے کی پابندیوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کوششیں کرنے کایقین دلایا ہے۔وہ اتوار کے روز کویت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر خارجہ نے امیر کو کویت میں پاکستانی برادری کو ویزے کی پابندیوں کی وجہ سے درپیش مشکلات اور خدشات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کویت کے امیر کو خصوصی خطوط پہنچائے۔امیر کویت نے پاکستانی قیادت خصوصاً وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میںبھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر امیر کویت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ایک لاکھ سے زیادہ کارکن اور ماہرین کویت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے