پنجہ صاحب میلہ اختتام پذیر

تین روزہ بیساکھی میلہ آج گرد وارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ختم ہوگیا۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے بھوگ اکھنڈ پاتھ صاحب کے نام سے ہونے والی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کو معاشرے کا یکساں شہری سمجھتی ہے اور انہیں تمام حقوق فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کھولنے کااعلان کرکے سرحدپار سکھ برادری کومحبت کا پیغام بھیجا۔مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پارلیمانی سیکرٹری آفتاب جہانگیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دنیا کے ہر حصے سے سکھ برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور ملک کے خوبصورت سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دی۔