
وزیر اطلاعات فواد چوہدری
6 Years agoوفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کرے گی۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ حکومت نے وہ طریقۂ کار وضع کر لیا ہے جس کی بنیاد پر ان عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی جو سوشل میڈیا پر منافرت پھیلا رہے ہیں۔ انھوں نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بھی ذکر کیا۔ جو تمام ڈیجیٹل، پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کی نگرانی کرے گا اور ان پر پائے جانے والے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’مسئلہ بنیادی طور پر رسمی میڈیا کی بنسبت غیر رسمی میڈیا میں پایا جاتا ہے اور اس کی مانیٹرنگ کرنا بے حد ضروری ہے‘
فواد چوہدری نے گذشتہ ہفتے ہونے والی گرفتاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ان لوگوں نے سوشل میڈیا کو فتوے دینے کے لیے، اپنا انتہا پسندانہ بیانیہ دینے کے لیے اور دھمکیاں دینے کے لیے استعمال کیا۔‘
انھوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ حکومت آنے والے ہفتوں میں ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ریاست ڈائیلاگ کرنا چاہتی ہے اور ڈائیلاگ ہو نہیں سکتا اگر اگلا اجازت نہ دے۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ایک قومی بیانیہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کے استمعال پر صرف ریاست کی اجارہ داری ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق پاکستان میں انتہا پسندی کے رجحان کی تاریخ زیادہ پرانی نہیں ہے۔