شاہ محمود قریشی

سینٹ کو آج(حسنات نیوز) بتایا گیا کہ حکومت پاکستان افغانستان میں پاکستانی قیدیوں سے متعلق معلومات اور ان کی وطن واپسی کیلئے افغان حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وقفہ سوالات کے دوران ایک تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ حکومت نے یہ معاملہ افغانستان کے ساتھ تمام دوطرفہ امور کے ایجنڈا نکات میں سے اہم نکتے کے طور پر اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جولائی میں کابل میں امن کیلئے افغانستان اور پاکستان کے لائحہ عمل کے اجلاس کے پہلے سیشن کے دوران یہ معاملہ افغان نائب وزیرخارجہ کے ساتھ اٹھایا گیا۔ کابل میں پاکستان سفارتخانے نے اس سال بیس فروری سے تیس اگست تک افغانستان کی جیلوں سے رہا کئے گئے سترہ پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کئے ہیں۔ بیس اگست سے اس ماہ تک افغانستان کی جیلوں سے چار پاکستانی قیدی رہا کر کے وطن واپس بھیجے گئے۔