نہ تیر چلے گا نہ تلوار

وفاقی وزیراطلاعات(حسنات نیوز) ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نہ تیر چلے گا اور نہ تلواریہ بازو آزمائے ہوئے ہیں، آصف زرداری کیخلاف ریفرنس دائر کردیا گیا، پہلی سیاسی جماعتیں ہیں جوچوری کے حق میں جلسے کریں گی، ان کو توخوش ہونا چاہیے کہ اڈیالہ جیل میں سب کو کمپنی ملے گی،کسی حکومتی وزیر نے جے آئی ٹی کے معاملے پر بات نہیں کی۔
انہوں نے آج یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام کو کشمیر کی صورتحال پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے رابطہ کریں گے جس میں وزیراعظم عمران خان پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔وزیراعظم کی محمد بن زید اور محمد بن سلمان سے بات ہوئی ہے۔یوے ای کے ولی عہد جنوری اور سعودی ولی عہد فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے ہٹالیے گئے ہیں ۔ ای سی ایل میں شامل مزید ناموں کو نکالنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ فاٹا پیکج میں ایک روپے کی کمی نہیں کی جائے گی۔ فاٹا کے عوام کیلئے جو فنڈنگ کی جاری تھی اس کو جاری رکھا جائے گا۔این ایف سی کا تین فیصد فاٹا کو دیں گے۔لیکن بدقسمتی ہے کہ پیپلزپارٹی چھوٹے صوبوں کی باتیں توبہت کرتے ہیں لیکن عملی طور پر وہ رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
سندھ حکومت این ایف سی سے فاٹا کو وسائل دینے میں رکاوٹ ہے۔ جب فاٹا انضمام کیلئے ترامیم کی گئی تھیں توطے پایا تھا کہ صوبوں سے 3فیصد فاٹا کو دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پنجاب کے 6بڑے شہروں کے ماسٹرپلان کا جائزہ لیا گیا ہے۔خیبرپختونخواہ کے بھی ماسٹرپلان بنائے جائیں گے۔کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ماسٹر پلان سے متعلق بھی بات چیت کی گئی ۔
ماسٹر پلان میں لوگوں کے حقوق کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیں گے۔سیاحت کیلئے آنے والوں کیلئے ویزہ میں نرمی پیدا کریں گے۔اجلاس میں تمام وزراء کو 10فیصد اخراجات کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہو ں نے کہا کہ پہلی سیاسی جماعتیں ہوں گی جوچوری کیلئے جلسے کریں گی۔ ان کو توخوش ہونا چاہیے کہ اڈیالہ جیل میں سب کو ایک دوسرے کی کمپنی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نہ تیر چلے گا اور نہ تلواریہ بازو آزمائے ہوئے ہیں۔اپوزیشن اس لیے روڑے اٹکا رہی ہے کہ قانون سازی نہ ہوسکے۔کسی حکومتی وزیر نے جے آئی ٹی کے معاملے پر بات نہیں کی۔
آصف زرداری کیخلاف ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔