لیجنڈری بلے باز حنیف محمد کیلئے گوگل نے ڈوڈل جاری کر دیا۔

معروف پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کی آج 84 ویں سالگرہ ہے، لٹل ماسٹر کے نام سے شہرت پانے والے حنیف محمد نے ٹرپل سنچری بنانے کا اولین ریکارڈ قائم کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہاوس آف فیم میں شامل رہے۔ سرچنگ ویب سائٹ گوگل نے بھی انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد نے 55 ٹیسٹ کھیلے جس میں مجموعی طور پر انہوں نے 3915 رنز سکور کیے، ٹیسٹ کیریئر میں 12 سنچریاں سکور کیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی اننگز کھیل کر سر ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں اولین ٹرپل سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا جب کہ 337 رنز کے انفرادی سکور کا ریکارڈ بھی بنایا۔ حنیف محمد نے بہاولپور، کراچی، پی آئی اے اور پاکستان کی جانب سے کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے باعث خوب نام کمایا، لٹل ماسٹر آئی سی سی کے ہال آف فیم میں بھی شامل تھے جس میں دنیا بھر سے صرف 55 کرکٹرز شامل ہیں۔