پی ٹی آئی حکومت کا صاف ستھری ثقافت کی طرف پہلا قدم.. پنجاب کے سینماؤں پر فحش اور عریاں بورڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک سے فحاشی کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب کے سینما گھروں سے فحش بِل بورڈز اتارنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب کے سینما گھروں پر فحش اور عریاں بورڈز کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اعلان کردیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے سینما گھروں کے اندر اور باہر نامناسب سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں جنہیں فوری طور پر اتارا جائے۔
نوٹیفکیشن میں حکم دیا گیا ہے کہ سینما گھروں میں لگے فحش یا غیر مناسب فلم سائن بورڈز کو ’ نامناسب ایڈورٹائزمنٹ پروبیشن ایکٹ 1963 اور پنجاب موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کے تحت اتارا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اداکاروں کی ایک بیٹھک سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فحاشی کے خاتمے کے لیے سینما گھروں سے تین روز کے اندر فحش بل بورڈز ہٹائے جائیں گے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں پہلے تو جرمانہ کیا جائے گا جس کے بعد سینما گھروں کو بند کردیا جائے گا۔