چنیوٹ میں ’70 ہزار روپے‘ کے رشین بلّے کی گمشدگی پر آوارہ بلی کے خلاف ایف آئی آر

لے کے مالک امیر عمر چمن نے بتایا کہ یہ رشین نسل کا بلا ہے جو انھوں نے آٹھ ماہ قبل لاہور سے 70 ہزار روپے کا خریدا تھا
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں پولیس کے مطابق چوری کی انوکھی واردات پیش آئی ہے جس میں ایک بلے کی چوری کے مقدمے میں دو نامعلوم افراد اور ایک نامعلوم بلی کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق پیر کو امیر عمر چمن نے تھانہ سٹی چنیوٹ پولیس کو تحریری درخواست دی کہ ’نامعلوم افراد نے ان کے گھر میں بلی بھیج کر بیش قیمت رشین بلے کو ورغلا کر چوری کر لیا ہے‘۔
پولیس نے بلے کی چوری کی ایف آئی آر درج کر لی ہے جس میں دو نامعلوم افراد اور ایک نامعلوم بلی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ’بلے کو گھر سے باہر نکالنے کے لیے ملزمان نے بلی گھر کے اندر بھیجی۔ کچھ دیر کے بعد بلی کے پیچھے پیچھے بلا گھر سے باہر آیا تو ملزمان اسے موٹر سائیکل پر اٹھا کر بھاگ گئے‘۔
سکیٹو نامی بلے کے مالک امیر عمر چمن نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ رشین نسل کا بلا ہے جو انھوں نے آٹھ ماہ قبل لاہور سے 70 ہزار روپے کا خریدا تھا، اس وقت اس کی عمر صرف پانچ دن تھی۔
دوسری جانب چنیوٹ پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان اور بلی کی تلاش شروع کر دی ہے۔