زباں پر ہے میری نعتِ پیمبرؐ — اٹھی موجِ مسرت دل کے اندر

zuban par he meri naat e payember uthi moaj e musrat dill ke andar

زباں پر ہے میری نعتِ پیمبرؐ — اٹھی موجِ مسرت دل کے اندر

زباں پر ہے میری نعتِ پیمبرؐ — اٹھی موجِ مسرت دل کے اندر
ثنا خواں جس کا ہو خلاقِ اکبر — ثناء اُس کی بشر سے ہو تو کیونکر
زمیں پر ہے نہ کوئی آسماں پر — کہیں ان کا مقابل ہے نہ ہمسر
خدا کی ذاتِ بے ہمتا کا مظہر — صفاتِ رب کا مجموعہ سراسر
زہے صورت کہ ہے بے حد منور — وہ بوئے زلف رشکِ مشک و عنبر
وہ دندانِ مبارک مثلِ گوہر — وہ انکے عارض رنگیں گل تر
سرِ مژگاں وہ جیسے تیر و نشتر — وہ ابروئے خمیدہ مثلِ خنجر
منور وہ، مقدس وہ، وہ انور — مطہر وہ ہے طاہر وہ، وہ اطہر
ہے احمد وہ، محمد وہ، وہ دلبر — ہے وہ بندہ خدا کا بندہ پرور
وہ ہادی وہ ہی مہدی وہ ہی رہبر — وہ فاتح وہ دلاور وہ مظفر
گہر ہائے حقیقت کا شناور — علومِ معرفت کا وہ سمندر
رسائی اس کی ہے عرشِ بریں پر — شبِ اسرا نے دکھلایا یہ منظر
گروہِ انبیاء کا وہ ہے افسر — وہ مہتابِ درخشاں سب میں اختر
نبی آئے یہاں بہتر سے بہتر — نہیں کوئی مگر ان کے برابر
ہیں چار اصحاب یہ ہر دم کے یاور — ابو بکرؓ و عمرؓ، عثمانؓ و حیدرؓ
جہانِ چار سو میں جلوہ گستر — انہیں سے روشنی ہے دل کے اندر
متاعِ زندگی پر ان کی ٹھوکر — وہ مستغنی وہ ہے دل کا تونگر
غذا نانِ جویں ان کی تھی اکثر — کجھوروں کی چٹائی ان کا بستر
جو ان کا ہو گیا چمکا مقدر — جو رو گرداں ہوا کافر ستمگر
وہ کام آئے سرِ میدانِ محشر — پلائے امتی کو جامِ کوثر
کتاب ان کی حقائق کا سمندر — بتاتی ہے ہمیں معروف و منکر
شریعت آپ کی شمع منور — دکھاتی ہے ہمیں ہر راہ بہتر
وہ آئے جبکہ اس باغِ جہاں میں — چمن تھا یہ خزاں آغوش وابتر
خدا کے گھر میں تھی پوجا بتوں کی — حرم تھا بت کدہ اﷲ اکبر
قدم کے رنجہ فرماتے ہی لیکن — کلی چٹکی ۔ مہک اٹھا گل تر
بچھا سبزہ قدم بوسی کو انکی — مؤدب ہو گئے سرو و صنوبر
طیور نغمہ خواں سب چہچہائے — ترانے گائے مل کر روح پرور
بڑھی رونق جو صحنِ گلستاں کی — چلی بادِ بہاری مسکرا کر
سدھارا حالِ بد اہل چمن کا — چمن والوں کی خاطر کھائے پتھر
دریدہ پیرہن تھی آدمیت — کھلے انساں پہ سب انساں کے جوہر
جھکا تھا سر جو پیشِ لات و عزیٰ — جھکایا اسکو پیشِ رب برتر
غرض انسان کو جینا سکھایا — کہ جنکی زندگی پہلے تھی دو بھر
نظرؔ سے نعت یہ سن کرسبھی نے — کہا صد آفریں پڑھئے مکرر

zuban par he meri naat e payember uthi moaj e musrat dill ke andar

.

Popular Tags

zuban par he meri naat e payember uthi moaj e musrat dill ke andar lyrics,
Read zuban par he meri naat e payember uthi moaj e musrat dill ke andar naat lyrics,
Readzuban par he meri naat e payember uthi moaj e musrat dill ke andar online