ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں Distance Education Degree پروگرامز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے


ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں Distance Education Degree پروگرامز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس ضمن میں یونیورسٹیوں کو تنبہیہ کی ہے کہ 16 فروری 2018ء کے بعد ہونے والے داخلے غیر قانونی تصور کیے جائیں گے۔

ایچ ای سی پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق سرکاری یونیورسٹیوں میں ایم ایس، ایم فل اور انڈرگریجویٹ کی ایسی ڈگریاں بند کر دی گئی ہیں جو Distance Education Degree پروگرام کے زمرے میں آتی ہیں۔ یکم مارچ 2016ء کے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری میں اس پروگرام کے تحت داخل ہونے والے طلباء کی ڈگریاں بھی غیر قانونی تصور کی جائیں گی۔

ایچ ای سی نے واضح کر دیا ہے کہ 16 فروری 2018ء کے بعد یونیورسٹیوں کی جانب سے Distance Education Degree کے تحت جاری کی گئی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کی جائے گی اور ایسی تمام ڈگریاں غیر قانونی تصور ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، شاہ عبد الطیف یونیورسٹی خیر پور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو، یونیورسٹی آف پشاور، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، آئی بی اے سکھر، یونیورسٹی آف ایگری کلچر فیصل آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں Distance Education Degree پروگرامز کو بند کر دیا گیا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق اس مراسلے کا اطلاق ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پر نہیں ہوگا