پی ٹی آئی حکومت کیلئے آئندہ تین چارمہینے انتہائی اہم قرار

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جنوری2019ء) سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کیلئے حکومت کیلئے رواں سال کے ابتدائی مہینے انتہائی اہم ہیں،حکومت کو آئے تقریباًچھ ماہ ہونے کوہیں ،لیکن اب عوام انتظار نہیں کریں گے،حکومت کوآئندہ تین چار مہینے عوامی مسائل حل کرنے کی جانب توجہ دینی ہوگی، اگر حکومت منی بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگئی توسیاسی مخالفین کوچت کرنے کیلئے عوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
تجزیاتی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیرونی دوروں اور معاشی معاملات کو ایک سمت دینے کے بعداب عوامی مسائل کی جانب توجہ مبذول کرلی ہے۔انہوں نے گزشتہ دنوں پمزاسپتال ،پولی کلینک، اور فیملی اسپتال اسلام آباد کا بھی دورہ کیا۔

وزیراعظم نے اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور انتظامیہ کوعلاج ومعالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس بھی لیا ہے،انہوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ پرسوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز کومعطل کردیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے مسائل حل کرنے کا وعدہ کررکھا ہے،عوامی شکایات کافوری ازالہ کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان کوحکومت سنبھالے ابھی صرف چھٹا مہینہ ہے لیکن انہوں نے اس قلیل عرصے میں ہی حکومتی امور ہوں، خارجی یا پھرداخلی معاملات ہوں ،ہر محاذ پر خود کومنوانا شروع کردیا ہے،شایداب وہ کنٹینرسے نیچے اتر آئے ہیں اوراپوزیشن کیخلاف احتساب کاگنڈاسا فی الحال غائب کردیا ہے،جس سے ان کی سیاسی پختگی کا بھی بخوبی اندازہ ہوتا ہے، اقتدار کے نشیب وفراز،حکومت کی راہ میں حائل رکاوٹیں، چیلنجز،اتحادیوں کے نخرے،عوامی مسائل حل کرنے کی جستجو،اور ملک وقوم کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کاعزم ہی ہے کہ انہوں نے اپوزیشن کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے یہ کام وزراء کے سپرد کردیا ہے۔
جس کووفاقی یا صوبائی وزراء بخوبی نبھا بھی رہے ہیں۔عوامی یا جمہوری حکومت کیلئے سب سے بڑا اور مشکل کام عوام کی توقعات پرپورا اترنا ہوتا ہے، تاکہ عوام نہ صرف حکومتی کارکردگی کے گیت گائے بلکہ آئندہ الیکشن میں بھی ان کو بھرپور مینڈیٹ دے کر منتخب کرے۔