ڈالر کی قدر میں اضافے سے سعودی ریال بھی مہنگا ہو گیا

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : ڈالرکی قدر میں اضافے کے ساتھ ہی دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدرمیں 2 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 70 پیسے اضافے سے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 140.00روپے پہنچ گئی۔دیگر غیرملکی کرنسیوں میں یوروکی قیمت خرید میں ایک روپے اور قیمت فروخت میں 70 پیسے اوربرطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید میں2.00 روپے اورقیمت فروخت میں 1.70روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے بالترتیب یوروکی قیمت خرید 156.80روپے سے بڑھ کر157.80روپے اورقیمت فروخت 158.60روپے سے بڑھ کر159.30روپے ہو گئی۔
علاوہ ازیں برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید173.50روپے سے بڑھ کر175.50روپے اورقیمت فروخت 175.30روپے سے بڑھ کر177.00روپے ہوگئی۔

جبکہ سعودی ریال کی قیمت میں15پیسے اوریواے ای درہم کی قیمت خرید 5 پیسے کا اضافہ ہوا اور قیمت فروخت میں 5 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری جانب ملک بھر میں ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے بھی روپے کی قدر میں مزید کمی اور ڈالر کی مزید اُڑان کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے جبکہ عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز نے بھی مالی 2019ء کے اختتام تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال سے متعلق عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز نے تجزیاتی رپورٹ جاری کی۔عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے میں تاخیر کے باعث مالی سال 2019ء کے اختتام تک ڈالر کی قدر 150 روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔