ڈھوک راجگان کا رہائشی کیبل آپریٹر دوران کام کرنٹ لگنے سے جاں بحق

ترنول(نمائندہ نوائے ٹیکسلا) بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو بچوں کا باپ جاں بحق،راجہ فرحت کیبل بجلی پول پر چڑھ کرمرمت کا کام کررہا تھا کہ اچانک بجلی کا کرنٹ لگنے سے زمین پر آگرا ۔تفصیلات کے مطابق سنگ جانی ڈھوک راجگان کا رہائشی راجہ فرحت جو دو بچوں کا باپ تھا پرائیویٹ کیبل کمپنی میں ملازمت کرتا تھا ۔گزشتہ روز کیبل کی مرمت کرنے کیلئے بجلی کے کھمبے پر چڑھا تو اچانک کرنٹ لگنے سے وہ زمین پر گر گیا جسے فوری پمز اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ نوجوان کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔واضح رہے کہ محکمہ واپڈا مارگلہ سب ڈویژن ٹیکسلاکی ملی بھگت سے عرصہ دراز سے سنگ جانی سے جوڑی گاؤں تک غیر قانونی طریقے سے پرائیویٹ کیبل نیٹ ورک کی کیبل بجلی کے کھمبوں کے ذریعے تین کلو میٹر تک لے جائی گئی ہے جسکی وجہ سے آج ایک قیمتی جان کا ضیاع ہو گیا۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس جرم میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔