جلال پور: سیوریج کے غلیظ پانی سے شہری پریشان، آمدورفت میں مشکلات کا سامنا جلال پور پیر والہ میونسپل

جلال پور: سیوریج کے غلیظ پانی سے شہری پریشان، آمدورفت میں مشکلات کا سامنا
جلال پور پیر والہ میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 12 میں واقع عبداللہ کالونی کے مرکزی چوک کے اطراف کی تین گلیوں میں طویل عرصہ سے سیوریج کا غلیظ پانی جمع ہونے سے کالونی کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے چوک میں واقع معروف دینی مدرسہ جامعہ صوت القرآن اور ملحقہ مسجدمیں آنے جانے والے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ نمازیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہے، مدرسہ کے مہتمم و سابق کونسلر قاری عبدالرحیم فاروقی، وسیم صدیقی،محمد مروان، محمد کاشف، اکرم صدیقی، محمد شاہد، ابوبکر، محمد نعیم، عطاللہ، عبدالرشید اور دیگر نے بتایا کہ وارڈ کونسلر، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین و افسران اور عملہ صفائی کو متعدد بار تحریری درخواستیں دینے اور کئی مرتبہ زبانی توجہ دلانے کے باوجود مسلہ حل نہیں کیا جا رہا ہے، کبھی کبھارمیونسپل کمیٹی کا عملہ صفائی آکر جزوی صفائی کر کے چلا جاتا ہے جس سے دو چار دن کے لیے غلیظ پانیختم ہو جاتا ہے، عملہ صفائی کو کئی مرتبہ کہا ہے کہ جزوی صفائی کی بجائے سیوریج لائنوں میں رکاوٹ کا سبب بننے والا تمام مواد باہر نکالتے ہوئے مکمل صفائی کی جائے تاکہ شہریوں کو کچھ دن سکون سے گذر سکیں، لیکن عملہ صفائی عارضی حل کے بعد غائب ہو جاتا ہے، انہوں نے میونسپل کمیٹی کے ارباب اقتدار و اختیار سے مسلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔