معلوم نہیں بلاول سے آمنا سامنا ہوتاہے یانہیں:شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پی ایس ایل فائنل میچ دیکھنے کراچی پہنچ گئے ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ بلاول بھٹو زرداری سے آمنا سامنا ہوتاہے یانہیں،پتا نہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کہاں بیٹھ کرمیچ دیکھیں گے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل آج نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلئے بے تاب ہے،کپتان سرفراز احمد کو ایونٹ کے ٹاپ سکورر شین واٹسن کی خدمات میسر ہونگی، عمر اکمل، احمد شہزاد، رلی روسو اور احسان علی بھی حریفوں کے چھکے چھڑانے کی کوشش کریں گے۔آل راﺅنڈرز ڈیوین براوواور محمد نواز، تجربہ کار پیسر سہیل تنویر اور باصلاحیت محمد حسنین دھاک بٹھانے کیلئے تیار ہیں، انجرڈلیگ سپنر فواد احمد کی شرکت یقینی نہیں ہے، حالیہ ایونٹ کے تینوں باہمی مقابلوں میں حریف پر فتوحات سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اعتماد بلندیوں پر ہے۔

دوسری جانب پشاورزلمی کی ٹیم بھی 2017 ءکی تاریخ دہراتے ہوئے دوسری بار چیمپئن بننے کا عزم لیے میدان میں اترے گی، ٹاپ آرڈر میں جارح مزاج کامران اکمل اور ان فارم امام الحق موجود ہیں،میچ ونرز کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی بھی دستیاب ہیں، چوتھے ایڈیشن کے کامیاب ترین باﺅلر حسن علی، برق رفتار وہاب ریاض، سلو بال کے ماہر ٹائمل ملز اور پیسر کرس جورڈن حریف ٹیم کی بیٹنگ کا حوصلہ آزمائیں گے۔