بیٹے نے باپ کی سالگرہ کا پوسٹر لگایا، والد کو پوری دنیا سے کال موصول

نیوجرسی: ایک بیٹے نے اپنے والد کو بتائے بغیر ان کی سالگرہ کا بڑا اشتہار لگایا اور اس پر اپنے والد کا نمبر لکھ دیا۔ اس کےبعد پوری دنیا سے اس شخص کو ہزاروں کالز اور لاکھوں ایس ایم ایس موصول ہوئے جن میں لوگوں نے سالگرہ کی مبارک باد دی تھی۔

نیوجرسی کے رہائشی کرِس فیری اپنی باسٹھویں سالگرہ پر نہ رکنے والی مبارکباد کالز اور پیغامات کو دیکھ کر حیران اور پریشان ہوگئے۔ اس واقعے کی وجہ یہ ہے کہ ان کے بیٹے نے شہر کے ایک بڑے اشتہار (بِل بورڈ) پر اپنے والد کی تصویر اور ان کا فون نمبر لکھ کر لوگوں سے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے کی درخواست کی تھی۔

اس کے نتیجے میں کِرس کو ہر لمحے کال موصول ہوئیں جن میں لوگوں نے فرطِ جذبات سے انہیں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ آخری وقت تک وہ 15000 کالز موصول کرچکے تھے اور ٹیکسٹ میسجز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔