عوام کو مفت پھل فراہم کرنے کا منصوبہ،حکومت نے عوام کے لیے شاندار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا

پشاور، "فروٹس فارآل" پروگرام کامقصد عوام کو مفت پھلوں کی فراہمی یقینی بناناہے،شاہ فرمان
50لاکھ پھلدار پودے صوبے کے مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے، پودے لگانے کیلئے ایسی جگہوں کا انتخاب کیاجائے جوعام آدمی کی پہنچ میں ہوں،گورنرخیبر پختون خوا کا اجلاس سے خطاب
بدھ 26 دسمبر 2018 21:30

پشاور،

پشاور: گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ "فروٹس فارآل" پروگرام کے تحت پھلدار پودے لگانے کیلئے ایسی جگہوں کا انتخاب کیاجائے جوعام آدمی کی پہنچ میں ہوں، "فروٹس فارآل" پروگرام کامقصد عوام کو مفت پھلوں کی فراہمی یقینی بناناہے تاکہ لوگوں کو مارکیٹس سے پھل خریدنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں "فروٹس فارآل" پروگرام کے چوتھے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان، وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش ، سیکرٹری زراعت محمد اسرار، سیکرٹری جنگلات سیدنذر حسین شاہ، نیشنل بنک کی ریجنل ہیڈ صائمہ رحیم کے علاوہ پی ڈی اے، این ایچ اے کے نمائندے بھی شامل تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ مذکورہ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح 15 جنوری کوکیاجائیگا اورپہلے فیز میں 1لاکھ 40 ہزار پھلدار پودے مختلف اداروں کو فراہم کئے جائیں گے جبکہ محکمہ زراعت پودوں کے اعلی معیار کو یقینی بنائیگا۔

اجلاس میں پھلدار پودوں کیلئے موزوں جگہوں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ پودوں کی حفاظت اوردیکھ بھال سے متعلق امور پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ ہم سب پرمشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس پروگرام کو ہم ایک نیک مقصد کے طور پر لیں اور اس کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ ہم نے چیزوں کو مشکل نہیں بلکہ آسان بناناہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مجموعی طور پر 50لاکھ پھلدار پودے صوبے کے مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے اور اس نیک مقصد کے آغاز پرہم نیشنل بنک کے شکرگزارہیں کہ وہ اس پروگرام کیلئے ہمیں مالی معاونت فراہم کررہے ہیں۔ نیشنل بنک کے مالی تعاون سے مختلف اداروں کو ان کی ڈیمانڈ پرمفت پودے فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ اب تک وویمن یونیورسٹی مردان، آئی ایم سائنسز پشاور، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، آرمی پبلک سکول سوات، کیڈٹ کالج سوات، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر، ڈی ایچ اے پشاور ، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک، پی ڈی اے، این ایچ اے، زرعی توسیع ڈیرہ اسماعیل خان، یونیورسٹی وسیم کالج ڈی آئی خان، یونیورسٹی آف چترال، پیسکو آفس بنوں سمیت دیگر اداروں سے پھلدار پودوں کی فراہمی کی ڈیمانڈ موصول ہوئی ہیں اور مذکورہ ڈیمانڈ کے مطابق ایک لاکھ 40 ہزار پھلدار پودے متعلقہ اداروں کو 15 جنوری 2019 تک فراہم کردیے جائیں گی