بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 143 واں یوم پیدائش کل بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

ابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 143 واں یوم پیدائش کل بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا
پیر 24 دسمبر 2018

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 143 واں یوم پیدائش کل بھرپور عقیدت ..

اسلام آباد: بانی پاکستان، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا 143 واں یوم پیدائش کل منگل کو بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ وہ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی ہی میں حاصل کی جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن چلے گئے۔ انہوں نے 1896ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور وطن واپس آ کر اپنے لیگل کیریئر کا آغاز کیا۔
بعدازاں انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ شمولیت اختیار کی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کی جدوجہد کا آغاز کیا۔ ان کی کاوشیں اس وقت رنگ لائیں جب 14 اگست 1947ء کو قیام پاکستان کی صورت میں ان کے خوابوں کو تعبیر ملی۔ پاکستان قائداعظم کی قیادت اور ان کی انتھک جدوجہد کا اعتراف کرتا ہے۔

اس موقع پر عام تعطیل ہوگی اور تمام قومی و نجی عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

دن کا آغاز کراچی میں مزار قائد پر قرآن خوانی سے ہوگا جبکہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر مختلف سماجی، سیاسی، سرکاری و غیرسرکاری اداروں بشمول آزاد جموں و کشمیر میں بھی مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بابائے قوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام یوم پیدائش کے موقع پر عظیم قائد کے مزار پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے جبکہ اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان عظیم قومی رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی پروگرام نشر کریں گے جبکہ اخبارات بھی خصوصی سپلیمنٹ شائع کریں گے۔