ریاست مدینہ بنانے کیلئے پاکستان میں سب سے پہلا کیا کام ہوگا۔۔۔

ریاست مدینہ کے خدوخال ، اسلامی نظریاتی کونسل نے کمیٹی بنا دی
کمیٹی 25 ارکان پر مشتمل ، جس میں ماہرین اور علما کو شامل کیا گیا




اسلام آباد : ریاست مدینہ کے خدوخال بنانے کے لیے نظریاتی کونسل نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ریاست مدینہ کے خدوخال کا جائزہ لینے کے لیے 25 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ نیا نکاح نامہ فارم کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔
نجی سود بل پر کام مکمل کرنے کے بعد متعلقہ وزارت کو بھیج دیا گیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہمیں کہا گیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ریاست مدینہ کے خدوخال تیار کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ 25 رکنی کمیٹی میں ماہرین اور علما کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست مدینہ کے خدوخال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے کونسل کے شعبہ تحقیقات کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے آئندہ ماہ گول میز کانفرنس بھی کروائیں گے جس میں شریک علما، مشائخ اور دیگر قانونی ماہرین سے معاشی ، سماجی، تنظیمی ، فلاحی اور دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی وزرا کی جانب سے ہمیں کہا گیا ہے کہ ریاست مدینہ کو اپنانے کے لیے سود کی حوصلہ شکنی بنیادی جُزو ہو گا۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ جیسی ریاست بنانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست وہ ہوتی ہے جیسے مدینہ کی ریاست تھی۔ مدینہ کی ریاست کی بنیاد نبی پاک ﷺ نے رکھی۔
آپ ﷺ صرف اللہ کے پیغمبر نہیں بلکہ دنیا کے لیڈر بھی تھے۔ جس طرح ہمارے نبی ﷺ کا تاریخ میں ذکر ہے اس طرح باقی پیغمبرو ں کا ذکر نہیں ہے۔ ہم نے ریاست مدینہ کو اس لیے بھی فالو کرنا ہے کہ اللہ نے ہمیں کہا نبی پاک ﷺ کے اصولوں پر چلنا ہے۔ ریاست مدینہ میں سب سے بڑا اصول عدل اور انصاف تھا۔ مدینہ کی ریاست جمہوری ریاست تھی۔ ہماری ممالک نے ریاست مدینہ کے اصولوں کوفالو نہیں کیا جس سے مسلمان پیچھے چلے گئے۔ تاہم اب اسلامی نظریاتی کونسل نے اب ریاست مدینہ کے خدوخال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاکہ وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست بنانے کا عزم پورا کیا جا سکے۔