عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی

عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی
پاکستان کا معاشی مستقبل لمبے عرصے میں مضبوط ہے، نئی حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات سے مزید بہتری آئے گی جبکہ پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے: رپورٹ


عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 دسمبر2018ء) عالمی ادارے موڈیز نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی، ادارے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل لمبے عرصے میں مضبوط ہے، نئی حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات سے مزید بہتری آئے گی جبکہ پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے۔ معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈیز نے تبصرہ کیا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل لمبے عرصے میں مضبوط ہے اور آئندہ دو سالوں میں معاشی نمو 4.3 اور 4.7 فیصد رہے گی۔
موڈیز کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے معاشی ترقی کا حصہ بن رہے ہیں، خصوصاً امن، بہتر پاور سپلائی اور ترقیاتی منصوبوں نے ترقی کے مواقع بڑھائے ہیں جس سے لمبے عرصے میں رکاوٹیں دور اور ترقی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

موڈیز کے مطابق پاکستان میں کاروباری اعتماد بڑھ رہا ہے اور نئی حکومت کی جانب سے اداروں میں اصلاحات سے مزید بہتری آئے گی۔

کہا گیا کہ ریفارم پروگرام سنبھالنا کسی بھی حکومت کے لیے مشکل کام ہے اور افسر شاہی کی کثرت، پیچیدہ سیاست اور انتظامی امور ریفارمز پروگرام کو مشکل بنا دیتے ہیں۔ موڈیز نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری اچھے درجے تک بحال ہے۔ موڈیز کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی معمولی ہے اور اس کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز اس کی قرض گیری ساکھ کا سبب ہیں۔ موڈیز کے مطابق پاکستان کے قرض لینے کی صلاحیت کی ریٹنگ بی تھری منفی ہے اور یہ ریٹنگ بلند بیرونی خدشات، قرضوں لینے کی گنجائش اور مسابقت کی عکاس ہے جبکہ پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے بیرونی دباؤ اضافی ہے۔ موڈیز نے تجویز پیش کی کہ زرمبادلہ ذخائر کافی نہیں، انہیں بڑھانا ہوگا۔