وفاقی حکومت نے بے روزگار شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کر لیا

وفاقی حکومت نے بے روزگار شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کر لیا
بے روزگار افراد کے لیے ''آسان کاروبار حکمت عملی'' پر غور شروع کر دیا گیا


اسلام آباد (تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی مفاد عامہ کے کئی پراجیکٹس شروع کیے۔ تاہم اب وفاقی حکومت نے بے روزگار افراد کے لیے بھی آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے بے روزگار افراد کو ''آسان کاروبار'' کی فراہمی کے لیے تین سالہ حکمت عملی پرغور شروع کردیا ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق ’’آسان کاروبارحکمت عملی‘‘ سال 2021ء تک کے لیے ہے۔ یہ حکمت عملی وزارت خزانہ، ایف بی آر، ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک ،صوبائی حکومتوں اورعالمی بینک سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ''آسان کاروبار حکمت عملی'' کے تحت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں الیکٹرانک ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کے ساتھ سندھ اور پنجاب میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے اقدامات متعارف کروائے جائیں گے۔

لیسکو اور کے الیکٹرک صارفین کو بل جاری کرنے سے قبل نرخوں میں تبدیلی سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ جائیداد کے تنازعات کے حوالے سے اعداد و شمار بھی جاری کیے جائیں گے۔ حکمت عملی کے تحت اراضی کے لین دین میں ای رجسٹری اور آئن لائن فرد کی سہولیات متعارف کروانے کے ساتھ تمام ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگیوں کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق کسٹم پروسیسنگ ٹائم میں پچاس فیصد تک کمی لائی جائے گی اورسرحدوں پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کی آئن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے بے روزگار افراد کو روزگار دینے اور ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا عہد کر رکھا ہے جس کے لیے اقتدار میں آتے ہی پاکستان تحریک انصاف نے کام شروع کر دیا۔ اقتدار میں آنے کے بعد موجودہ حکومت نے کئی منصوبوں کا آغاز کیا جسے عوامی مفاد میں ہونے کی وجہ سے خوب سراہا گیا۔