پی ایس ایل فور ، ملتان اور کوئٹہ آج آمنے سامنے ہونگے

شارجہ پی ایس ایل فور کا دوسرا مرحلہ آج سے شارجہ میں شروع ہو رہا ہے، دن کا واحد مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے مابین ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔



دبئی میں کھیلے جانے والے میچز میں شائقین کرکٹ کو ایکشن اور سنسنی سے بھرپور میچز دیکھنے کو ملی۔ بابر اعظم اور لیام لیونگ اسٹون نے ریکارڈ پارٹنرشپ بنائی تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل اور شین واٹسن نے بھی اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے خوب رنگ جمایا۔

لاہور قلندرز رواں سیزن میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی، نوجوان باؤلرز عمرخان اور حارث رؤف نے بلےبازوں کو خوب تگنی کا ناچ نچایا۔

پوائنٹس ٹیبل پر دو میچز جیتنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پشاورزلمی دوسرے اور ملتان سلطانز تیسرے نمبر پر ہے۔

ادھر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کی بھی پی ایس ایل فور میں انٹری ہوئی ہے ،وہ محمد حفیظ کی جگہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے،محمد حفیظ انگوٹھا زخمی ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔