جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اور بلاول آج نیب میں پیش ہوں گے

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں نیب کے نوٹس کے بعد سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے اور دونوں آج نیب میں پیش ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت سے اظہار یکجہتی کےلیے ملک بھر سے جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیب آفس کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والے راستے کو بھی پولیس کی جانب سے بند کردیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو نیب ہیڈکوارٹر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ہی نیب آفس تک جاسکیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی دس دن کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی اور اس سے قبل ان کے کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا بھی حکم دیا تھا