پاکستان پائیدار امن و استحکام کے ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پاکستان پائیدار امن و استحکام کے سفر کے ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اسٹوڈنٹس افسران اور فیکلٹی اسٹاف سے قومی سلامتی کے امور پر خیالات کا اظہار کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں چیلنجز کے سامنے ڈٹا رہا، پاکستان پائیدار امن و استحکام کے سفر کے ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے، ارتقاء کا یہ عمل آہستہ مگر مثبت سمت میں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہمیں مستعد رہنے اور قومی مقاصد کا تعین کرنے کی کوششوں کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف نوجوان افسران کی کارکردگی کو سراہا۔

اس کے علاوہ آرمی چیف نے مشرقی سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران نوجوان افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔