حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں: وزیراعظم

خیبر: وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو اسلام آباد آ کر دھرنا دینے کی پیشکش کی اور کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی لیکن آصف زرداری جیل جانے والے ہیں۔

جمرود اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس میں آصف علی زرداری کا کم از کم 100 ارب روپے ہیں، وہ جتنا مرضی زور لگائیں لیکن حکومت کہیں نہیں جارہی، یہ ہم پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ کسی طرح این آر او دے دیں۔

انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینر کی صفائی کریں، یہ اسلام آباد آئیں اور ایک ہفتہ گزار کر دکھا دیں، انہیں کھانا بھی دیں گے، آصف زرداری دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب آپ عوام کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، جب عوام کی بات کرتے ہیں تو ساڑھے چار مہینے ڈی چوک پر دھرنا دے سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جو شخص پرچی دکھا کر کہے کہ پارٹی وراثت میں مل گئی تو وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، لیڈر جدوجہد کر کے بنتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک سخت معاشی مشکلات سے دوچار ہے لیکن عوام کو یقین دلاتا ہوں چند ماہ میں مشکل مرحلے سے نکل آئیں گے، سابق حکومتوں کے قرضوں پر ساڑھے 6 ارب یومیہ سود ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر دوسرے دن مولانا فضل الرحمان ملین مارچ کی بات کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دباؤ اس لیے ڈال رہے ہیں کہ این آر او دیا جائے۔