'زرداری نے پہلے بھی ایک بیان دے کر 3 سال دبئی میں سیر و تفریح کی تھی'

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق صدر آصف زرداری کے خطاب پر ردعمل میں کہا کہ 'آصف زرداری اولین 100 دن گننے کے بجائے اپنی سیاست کے آخری دن گننے پر توجہ دیں'۔

انہوں نے کہا کہ جتنے مرضی فلسفے بیان کریں ساری قوم جانتی ہے پیسہ کس نے لوٹا، جو کام ضیاء الحق نہ کرسکا، وہ کام زرداری نے کیا، زرداری نے پیپلز پارٹی کو قومی جماعت سے ایک علاقائی جماعت بنا دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 'قوم پوچھتی ہے کہ آپ کو قوم کا پیسہ لوٹنے کا حق کس نے دیا ہے؟ زرداری صاحب، آپ چاہتے ہیں اداروں کی سربراہی بھی آپ کے چمچوں میں بانٹ دیں، پاکستان تحریک انصاف ایسا ہرگز نہیں ہونے دے گی'۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ جب ان سے حساب مانگو تو ان کو جمہوریت یاد آجاتی ہے، زرداری صاحب، آپ نے گاجریں نہ کھائیں ہوتیں توآج اتنا پیٹ میں درد بھی نہ ہوتا، ہزاروں دن حکومت کرکے ملک و قوم کا بیڑہ غرق کردیا،اب یہ بیڑہ غرق کرنے والے ہمارے 100 دن گن رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری نے پہلے بھی ایک بیان دیا تھا، پھرانہیں تین سال دبئی میں سیر و تفریح کرنی پڑی تھی۔

خیال رہے کہ آصف زرداری نے حیدرآباد میں جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ قوم کے فیصلے کرنے کا حق صرف پارلیمنٹ کو ہے، جس کی نوکری 3 سال کی ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کیا حق پہنچتا ہے؟

سابق صدر نے کہا کہ حکومت کو 100 دن سے زیادہ ہوگئے ہیں، یہ کہتے ہیں 100 دن بہت کم ہیں ، سو دن میں کیا کرسکتے ہیں، ہم نے سو دن میں مشرف کی چھٹی کی، حکومت کو کوئی کام کرنا آئے تو یہ کام کریں۔