گیس بحران: وزیراعظم کا سوئی سدرن اورسوئی نادرن کے ایم ڈیزکیخلاف انکوائری کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری گیس بحران پر سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں جاری گیس بحران پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں خزانہ، پیٹرولیم، پاور ڈویژن کی وزراء اور دیگر اداروں کے سنیئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں گیس کے بحرانی صورت حال، گیس کی پیداوار اور ضروریات سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں کمپنیوں نے نااہلی کا مظاہرہ کیا اور گیس کی طلب و رسد کی معلومات چھپائیں۔

اجلاس میں وزیرِاعظم عمران خان نے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کیخلاف انکوائری کا حکم دیا۔

وزیر اعظم نے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کیخلاف تحقیقاتی کارروائی 72 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پیٹرولیم تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔

واضح رہےکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ہفتے سے گیس فیلڈز میں خرابی کا دعویٰ کیا ہے جس سے انڈسٹریز اور رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی بری طرح متاثر ہے۔

ایک ہفتے کے دوران سندھ بھر میں 4 دن سی این جی اسٹیشنز بھی بند رہے اور سوئی سدرن نے غیرمعینہ مدت تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کردی ہے۔

سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند ہونے سے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بسیں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے جس سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔