کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوگئی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے۔

شہر قائد کا موسم آج صبح سے ہی ابر آلود ہے تاہم مختلف علاقوں میں بارش اور ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔

محمکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کل شہر سے نکل جائے گا جس کے بعد وہ کوئٹہ، بلوچستان، گلگت میں بارش برسائے گا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز موسم سرما کی پہلی بارش کی نوید سناتے ہوئے بتایا تھا کہ کراچی میں آج رات اور کل بارش کا امکان ہے جب کہ شہر میں آسمان پر گہرے کالے بادل چھانے کے بعد سردی کی شدت محسوس کی جارہی ہے۔

کراچی میں کلفٹن، کیماڑی، ڈیفنس اور اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جس کے بعد شہر میں سیاہ بادلوں سے چھپنے والے سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد سمیت اسلام آباد، راولپنڈی،کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ ، پشاور، مردان، سرگودھا، گوجرانولا ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔