سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا

کراچی: صوبہ سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و جذے سے منایا گیا اور اس حوالے سے مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔

سندھی ثقافت کے موقع پر مختلف شہروں میں تقاریب اور میلوں میں خواتین، نوجوان، بچے، بوڑھے سب سندھی اجرک ٹوپی پہنے بھرپور انداز میں شریک ہوئے اور انہوں نے علاقائی گیتوں پر رقص بھی کیا۔

سندھی ثقافت کی سب سے مقبول چیز سندھی ٹوپی اور اجرک ہے اور آج یہی نمایاں ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، میرپور خاص، مٹیاری، دادو، نوابشاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد اور پڈعیدن سمیت دیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔

ٹنڈو محمد خان میں شہری اتحاد کی سندھی ثقافت ڈے پر اسٹیشن روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں کے ساتھ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کندھ کوٹ میں سندھی ثقافت دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی و سماجی تنظمیوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور ایک ریلی گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک بھی نکالی گئی۔

تھرپارکر میں راجپوت سوڈھا برادری کی جانب سے سندھی ثقافت کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے سر پر قدیم روایتی راجپوتی پگڑیاں بھی پہن رکھی تھیں اور وہ تلواروں کے ساتھ روایتی رقص کر کے جشن مناتے رہے۔

جیکب آباد میں ڈی سی چوک سے لے کر پریس کلب تک مرکزی ریلی نکالی گئی جب کہ مبارکپور اور گڑھی خیرو میں بھی جشن کا سماں ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے سندھی کلچر ڈے کے حوالے سے مبارکباد
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سندھی کلچر ڈے کی مبارکباد پیش کی۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں سندھی ثقافت کے رنگوں والی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کلچر ڈے کی مبارک باد دی اور پاکستان زندہ باد لکھا۔

سندھ کی دھرتی قدیم ترین ثقافتی ورثہ کی امین ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا سندھ کے یوم ثقافت پر مبارکباد کے پیغام میں کہنا تھا کہ سندھ کی دھرتی قدیم ترین ثقافتی ورثہ کی امین ہے اور سندھ کا سب سے بڑا ورثہ وہاں کے عوام کی بے لوث محبت کا جذبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی اور اجرک سرزمین سندھ کی متنوع ثقافت کی گل رنگ علامت ہے، سندھ کی خوبصورتی کا اعتراف کرنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں اور سندھی سرحد پار سے لے کر سات سمندر پار تک بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے رنگ تعصب، نفرت، عدم برداشت اور تقسیم سے پاک ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے سندھی کلچر ڈے
کراچی میں بھی پاکستان تحریک انصاف پارٹی کی جانب سے سندھی کلچر ڈے کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جو انصاف ہاؤس سے گورنر ہاؤس پر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کی قیادت پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کی۔

رواں برس سندھی ثقافت کی تھیم ’ایکتا‘ رکھی گئی ہے جس کا مطلب اتحاد کے ہیں اور اسی سلسلے میں مختلف شہروں میں گلی محلے اور بازاروں کو سندھی ثقافتی اشیاء سے سجایا گیا اور بچے بڑے سب ہی نے اپنی تہذیب و ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔