بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی حکومتی تیاریاں مکمل، نئے ناموں پر غور شروع

حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ نام تبدیل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام بدل کر پاکستان ویلفئیر پروگرام یا قائداعظم سپورٹ پروگرام رکھنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پروگرام کا نام تبدیل کیے جانے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اعتراض کیا ہے جس پر یہ معاملہ عارضی طور پر تاخیر کا شکار ہوا لیکن اب اس حوالے سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ذاتی طور پر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور یہ ایک قانونی معاملہ ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے اس پروگرام کا نام بدلنے کی کوشش کی تو اسے اس معاملے میں ناکامی ہو گی لیکن اب حکومت نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا ہے کہ پروگرام کا نام تبدیل کیا جائے گا اور نئے ناموں پر غور بھی شروع کر دیا گیا ہے۔