ہر طالب علم کیلئے ایک کھیل میں حصہ لینا لازمی قرار

ہر طالب علم کے لیے کم از کم ایک کھیل میں حصہ لینا لازمی قرار دے دیا گیا۔
پنجاب کے وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ ہر طالب علم کے لیے کم ازکم ایک کھیل میں حصہ لینا لازمی ہوگا۔
رائے تیمور خان بھٹی نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالے کے لیے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ندیم سرور کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی بحالی کے لیے اقدامات کرے گی۔


وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ کمیٹی کھیلوں کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے نظام وضع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی اسکولوں اور کالجوں میں گراؤنڈز کی سہولتوں کا بھی جائزہ لے گی۔
رائے تیمور خان بھٹی نے کمیٹی کے حوالے سے بتایا کہ ڈی جی اسپورٹس پنجاب ندیم سرور کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ اسپیشل سیکریٹری ہائر ایجوکیشن، اسپیشل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ممبر ہوں گے۔
پنجاب کے وزیر کھیل نے کہا کہ تعلیمی ادارے اسپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لیے اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔