فوج میں اعلیٰ عہدوں پر ترقیاں اور تبادلے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فوج میں 2 اعلیٰ فوجی حکام کے تبادلے کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کردیا گیا۔
اس کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان کو کور کمانڈر لاہور تعینات کردیا گیا۔
لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض

اس سے قبل لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض کور کمانڈر لاہور تعینات تھے۔
22 ستمبر 2015 کو پاک فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، ان میں میجر جنرل عامر ریاض سمیت دیگر شامل تھے، عامر ریاض کو کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ تعینات کیا گیا تھا۔
اس سے قبل میجر جنرل عامر ریاض کو پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہی پاک فوج کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ملٹری آپریشنز (ایم او) مقرر کیا تھا۔
میجر جنرل ریاض کا بطور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز تقرر ایسے وقت میں ہوئی تھی جب پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشمیر کے ڈی فیکٹو بارڈر، لائن آف کنٹرول کے حوالے سے کشیدگی جاری تھی۔


مزید پڑھیں: لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر 'ڈی جی آئی ایس آئی' تعینات
میجر جنرل عامر ریاض اس سے پہلے 111 بریگیڈ کی بھی کمان کر چکے ہیں جبکہ وہ بریگیڈیئر (ر) علی خان کے خلاف گواہان میں سے ایک تھے جنہیں کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ساتھ روابط پر سزا سنائی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر (ر) علی خان نے میجر جنرل عامر ریاض کو بھی حزب التحریر میں بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی،تاہم وہ ناکام رہے تھے۔
لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان

قبل ازیں لیفٹننٹ جنرل ماجد احسان، پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پلاٹون کمانڈر، ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں جنرل اسٹاف آفیسر ٹو، جنرل اسٹاف آفیسر ون، ڈیویلپڈ کوپس میں کرنل جنرل اسٹاف اور بریگیڈ کمانڈر سمیت دیگر عہدوں پر تعینات رہے۔
اس سے قبل 10 اکتوبر 2018 کو لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) مقرر کیا گیا تھا۔
لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور شمالی علاقہ جات کی فورس کمانڈ کے کمانڈر کے عہدوں پر بھی فرائض انجام دیے، انہیں مارچ 2018 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔